Thursday, 28 March 2024, 06:52:21 pm
بھارت کشمیریوں کی بے مثال جدوجہد سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، حریت رہنما غلام احمد گلزار
March 12, 2023

فائل فوٹو

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ بھارت حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی بے مثال جدوجہد سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر انہیں ظالمانہ انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت کو مقبوضہ علاقے میں اپنا شیطانی ہندتوا ایجنڈا ہرگز مسلط نہیں کرنے دیں گے۔ادھر جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے ہزاروں امیدواروں نے بھارتی بلیک لسٹڈ کمپنی اپٹیک کو مقبوضہ علاقے میں امتحانات کے انعقاد کا کنٹریکٹ دیے جانے کے خلاف جموں شہر میں احتجاجی مارچ کیا۔ مظاہرین نے اس اقدام کو واپس لینے کا مطالبہ کیا، جس کا اصل مقصد مقبوضہ جموںوکشمیر میں بی جے پی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ہندوتوا سوچ رکھنے والے افراد کو بھرتی کرنا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھی مشعل بردار مارچ میں شرکت کی۔کشمیر میں پابندی کا شکار ایک انگریزی اخبار کی مالک انور ادھا بھسین نے کہا ہے کہ مودی حکومت جابرانہ میڈیا پالیسیوں کے ذریعے کشمیری صحافت کو تباہ ، میڈیا اداروں کو ڈرا دھمکا کر حکومتی موقف آگے بڑھانے اور مقبوضہ علاقے میں معلوماتی خلا پیدا کر نے کا باعث بن رہی ہے۔