وزیراعظم شہبازشریف نے آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لئے جامع لائحہ عمل تیار اور پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے آج(منگل) اسلام آباد میں آئی ٹی اور ٹیلی کا م شعبے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےکہا کہ آئی ٹی شعبے کی برآمدات کو اربوں ڈالر تک لے جانے کےلئے تمام ممکنہ اقداما ت کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے میں تعلیم اور ہنر سکھائے جائیں گے اور نئے کاروبار شروع کرنے کےلئے ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال آئی ٹی برآمدات کا متوقع حجم تین ار ب ڈالرسے زائد ہے جو خوش آئند ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی ٹیکنالوجی زونز سے متعلق بھی ایک جامع رپورٹ تیار کرکے انہیں پیش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے آئی ٹی شعبے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کےلئے ہمیں سخت محنت کرنی ہے۔
اجلاس کو گزشتہ سال جون میں وزیراعظم کی طرف سے دیئے گئے پانچ ارب ڈالر کے آئی ٹی پیکیج پر پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آئی ٹی شعبے کی برآمدات رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تیرہ فیصدتک اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے اور برآمدات کے فروغ کے لئے تمام ضروری قانونی اور پالیسی اقدامات کئے جائیں۔