Tuesday, 22 October 2024, 04:06:34 am
 
پنجاب اسمبلی میں 5 ہزار 446 ارب روپے کا بجٹ پیش
June 13, 2024

 پنجاب کا پانچ ہزار چار سو چھیالیس ارب روپے مالیت کاآئندہ مالی سال کا بجٹ آج(جمعرات) سہ پہر لاہور میں صوبائی اسمبلی میں پیش کردیاگیا۔

پنجاب کے وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔

نہوں نے کہا محصولات میں دیگر ذرائع سے تریپن فیصد اضافہ کیا جائیگا۔

شجاع الرحمان نے کہا سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم آٹھ سو بیالیس ارب روپے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ستتر نئے بڑے منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہوںگے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ اگلے مالی سال کیلئے ریونیو کا ہدف نوسوساٹھ ارب روپے ہوگا۔

پنجاب کے وزیر خزانہ نے کہاکہ کم ازکم اجرت بتیس ہزار روپے سے بڑھا کر سینتیس ہزار روپے کردی گئی ہے ۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بیس سے پچیس فیصد تک اورپینشنز میں پندرہ فیصد اضافہ کیاجائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ پہلی مرتبہ اقلیتی ترقیاتی فنڈ میں ایک ارب روپے تک کا اضافہ کیاگیا ہے لیپ ٹاپ اسکیم کیلئے چھ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ انڈومنٹ فنڈ کیلئے پانچ ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے جارہے ہیں اور صوبے کے کئی مقامات پر مفت وائی فائی سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ ایک سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو سولر پینل فراہم کیے جائیں گے اور پانچ مرلہ تک گھر بنانے والوں کو آسان شرائط پرقرضے دئیے جائیںگے۔