Tuesday, 22 October 2024, 04:06:30 am
 
سندھ کا 3ہزار56ارب روپے کا بجٹ پیش
June 14, 2024

آئندہ مالی سال کے لئے سندھ کا تین ہزار چھپن ارب روپے کا بجٹ آج کراچی میں صوبائی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔

سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے جن کے پاس وزیر خزانہ کا قلمدان بھی ہے ،ایوان میں بجٹ تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 959 ارب روپے رکھے جائیں گے جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بائیس سے تیس فیصد اور پنشن میں پندرہ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ تعلیم کے لئے 519 ارب روپے، صحت کے لئے 334 ارب روپے اور مقامی حکومتوں کے لئے 329 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

اسی طرح زرعی شعبے کے لئے اٹھاون ارب روپے، توانائی کے شعبے کے لئے 77 ارب روپے، آبپاشی کے شعبے کے لئے 94 ارب روپے اور ورکز اینڈ سروسز کے محکموں کے لئے 86 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

سندھ کے وزیراعلی نے کہاکہ چھپن ارب روپے ٹرانسپورٹ ، ایک سو ترپن ارب روپے عمومی انتظامی خدمات اور ایک سو چورانوے ارب روپے محکمہ داخلہ کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کم سے کم اجرت بتیس ہزار روپے سے بڑھا کر سینتیس ہزار روپے کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سکیل ایک سے چھ تک کے ملازمین کیلئے ایک خصوصی اقدام کیاگیا جس کے تحت تنخواہ کے فرق کو ختم کرنے کیلئے ایک ذاتی تنخواہ متعارف کرائی جائے گی۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ شہریوں پر مالی بوجھ کم کرنے کی غرض سے سب سڈیز دینے کیلئے بھی بجٹ میں ایک سو سولہ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ رہائشی سکیموں کیلئے پچیس ارب روپے فراہم کیئے جائیںگے۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ حب کینال منصوبے کیلئے بھی پانچ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس سے کراچی کو پانی فراہم ہوگا۔