Tuesday, 26 September 2023, 10:43:41 am
کینیڈا میں پاکستان نژاد کینیڈین ارکان پارلیمان، سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام محفل سماع کا اہتمام
May 19, 2023

کینیڈا کے دارلحکومت اٹاوا میں پاکستان نژاد ارکان سینٹر سلمی عطا اللہ جان اور رکن پارلیمنٹ پال چیانگ کی میزبانی میں ایک روح پرور محفل سماع کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان سے آئے ہوئے مشہور صوفی قوال فرید ایاز، ابو محمد قوال اور ہمنوا نے سر زمین پاکستان کے مشہور صوفیوں کی کافیوں اور نعتیہ کلام پر مبنی قوالیوں کے ذریعے گھنٹوں تک کینیڈین مہمانوں کو مسحور کیے رکھا۔

کینیڈین پارلیمان کی تاریخی میکڈونلڈ بلڈنگ میں منعقدہ اس تقریب کے آغاز پر سینٹر سلمی عطا اللہ جان ، ایم پی پال چیانگ اور کینیڈا میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

سفیر پاکستان ظہیر جنجوعہ نے کینیڈا میں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے اور خیبر سے مہران تک پاکستان میں بکھرے موسیقی کے رنگوں کو قوالی کی صورت میں اپنے ساتھی کینیڈین پارلیمنٹرینز اور کینیڈین عوام کے سامنے پیش کرنے پرسینیٹر سلمی عطااللہ جان اور ایم پی پال چیانگ کو خراج تحسین پیش کیا۔

سینٹرسلمی عطا اللہ جان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ کینیڈین پارلیمنٹ کے زیر اہتمام ماہ مئی کو بطور ایشائی ثقافتی مہینہ منائے جانے کے موقع پر پاکستان کے صوفی قوالی فن کو اپنے پارلیمنٹ کے ساتھیوں اور کینیڈین عوام کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔کراچی میں پیدا ہونے والے کینیڈین رکن پارلیمان پال چیانگ نے کہا کہ ان کا بچپن اور جوانی پاکستانی میں گذری ہے اور وہ قوالیاں سنتے ہوئے جوان ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ سینٹر سلمی عطا اللہ جان کے ساتھ مل کر محفل سماع کے انعقاد پر دلی خوشی محسوس کر رہے ہیں۔اس موقع پر مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف بھی عشائیہ دیا گیا۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭