Tuesday, 22 October 2024, 06:48:18 am
 
آئینی پیکیج کے بارے میں تعمیری مشاورت کی گئی،وزیراطلاعات
October 20, 2024

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کے قیام کے حوالے سے آج پاکستان اور پاکستانی عوام کیلئے ایک تاریخی اور یادگار دن ہے۔

انہوں نے اتوار کے روز اسلام آباد میں وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کے حوالے سے آئین بہت واضح ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت جمہوریت کا حسن ہے اور اس عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کو شامل کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئینی مسودے پر طویل اور تعمیری مشاورت ہوئی اور اس حوالے سے کوئی عجلت نہیں دکھائی گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئینی پیکج انصاف کی فوری فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے آئینی ترمیم پر اتفاق رائے اور مسودے کو حتمی شکل دینے میں اہم کردار ادا کرنے پر تمام سیاسی قائدین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے مسلسل مشاورت میں تھے جس کے مثبت نتائج نکلے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئینی ترمیم ملک اور پاکستان کے عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گی۔