Tuesday, 22 October 2024, 06:37:12 am
 
وفاقی کابینہ نے 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی
October 20, 2024

 وفاقی کابینہ نے پیپلز پارٹی سمیت حکمران اتحاد کی جماعتوں کی جانب سے تیار کئے گئے چھبیسویں آئینی ترمیم کے بل کے مسودے کی منظوری دی ہے۔

 وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے زیر صدارت ہوا۔

 وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کابینہ کو بل کے مجوزہ مسودے کے چیدہ چیدہ نکات کے بارے میں آگاہ کیا۔

 اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کابینہ کی جانب سے ترمیمی مسودے کی منظوری پر پوری قوم کو مبارکباد دی۔

 شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے معاشی استحکام کے حصول کے بعد ہم نے آئینی استحکام اور قانون کی حکمرانی کا ایک اور سنگ میل حاصل کرلیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کابینہ نے عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کے لئے اپنے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں فیصلہ کیا ہے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق معاشی استحکام اور ملکی ترقی کیلئے کام جاری رکھے گی۔

 انہوں نے اتحادی جماعتوں کی قیادت کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔

 وزیر اعظم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور مشیر رانا ثناء اللہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔