Wednesday, 23 October 2024, 05:59:03 am
 
اسحاق ڈار کا چین کیساتھ عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کا عزم
June 21, 2024

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اعتماد اور مفاہمت کے جذبات کو مزید پروان چڑھانے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان عوام کی سطح پر روابط کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں چین پاکستان سیاسی جماعتوں کے فورم اور اقتصادی راہداری کی سیاسی جماعتوںکے مشترکہ مشاورت کے نظام کے تیسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان دوستی ماضی، حال اور مستقبل کے تعلقات پر محیط ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا تذویراتی اعتماد غیرمتزلزل ہے اور کوئی بھی قوت اسے نقصان نہیں پہنچا سکتی۔نائب وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی اقتصادی اور پائیدار ترقی کے لئے سی پیک کی اہمیت کے بارے میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں میں مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک بین الاقوامی تعاون کے لئے ایک نئے ویژن کی روشن علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام مشکل وقت میں چین کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرینگےاس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر LIU JIANCHAO نے کہا کہ ان کا ملک چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کی تعمیر کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان مضبوط تر اور ٹھوس سدابہارتذویراتی شراکت مستحکم کرنے کیلئے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیںگے

LIU JIANCHAO نے کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا بین الاقوامی شعبہ اگلے تین سال کے دوران سیاسی جماعتوں کے تین سو نمائندوں کو چین کا دورہ کرنے کی دعوت دے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی قومی ترقی کی حکمت عملی بہتر اندازمیںمرتب کرنے کی غرض سے چین پاکستان عملی تعاون کے نئے پلیٹ فارم تخلیق کرنا ہونگے۔

LIU JIANCHAOنے کہا کہ ہمہ وقتی تذویراتی تعاون کی شراکت سے متعلق ہماری قیادت کا عزم دنیا کے لئے واضح ہے کہ چین پاکستان دوستی غیرمتزلزل اور ناقابل شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں ایک ٹھوس بنیاد موجود ہے اور ترقیاتی حکمت عملی کو ہم آہنگ کرنے اور باہمی مفاد میں تعاون کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔