Wednesday, 23 October 2024, 05:59:03 am
 
بیجنگ پاکستان ،چین طویل المدتی سٹرٹیجک شراکت داری کیلئے پرعزم
June 21, 2024

 چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی امور کے وزیر Liu Jianchao نے کہا ہے کہ عالمی چیلنجز اور تبدیلیوں کے تناظر میں چین اور پاکستان کے درمیان شراکت داری اور دوستی کی تذویراتی اہمیت میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارجمعہ کے روز اسلام آباد میں چین پاکستان سیاسی جماعتوں کے فورم اور سی پیک کی اہم سیاسی جماعتوں کے مشترکہ مشاورتی نظام کا تیسرا اجلاس ختم ہونے کے بعد نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحق ڈار کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چینی وزیر نے کہا کہ چین دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان روایتی دوستی اور طویل المیعاد چین پاکستان تذویراتی شراکت داری کے لئے بھی پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان دونوں ملکوں کے عوام میں مشترکہ مفاد کیلئے سی پیک پر کام جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔وزیرخارجہ محمد اسحق ڈار نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین نے سی پیک منصوبوں کیلئے اپنے عزم کا اعادہ اور اسکے دوسرے مرحلے میں مزید بہتر سی پیک کیلئے ملکر کام کرنے کا پختہ عزم ظاہر کیا۔انہوںنے کہاکہ ہم سب نے پاک چین تعلقات کے استحکام اور ہمارے منفرد اور تاریخی تعلقات کیلئے مستقبل کا لائحہ عمل بنانے میں پاکستان اور چین کی سیاسی جماعتوں کے اہم کردار کا اعادہ کیا۔