Wednesday, 23 October 2024, 05:59:06 am
 
پاکستان اورچین کاعلاقائی اورعالمی معاملات پررابطے بڑھانے پراتفاق
June 21, 2024

پاکستان اور چین نے اعلیٰ سطح پر روابط کی رفتار برقرار رکھنے اور اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر رابطے مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے آج(جمعہ) اسلام آباد میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحق ڈار اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ عالمی امور کے وزیر لیوجیان چائو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں سی پیک کے مثبت کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ چینی صدر کے ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے کے تحت سی پیک نے توانائی کی سلامتی کو یقینی بنایا ہے۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے دونوں ممالک میں سی پیک پر متفقہ سیاسی اتفاق رائے کو سراہتے ہوئے دوسرے مرحلے میں منصوبے کی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور اعلیٰ معیار کی ترقی کیلئے پاکستان کے ٹھوس عزم کاا عادہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی وزیر نے کہا کہ ایک آہنی بھائی اور آزمودہ دوست کی حیثیت سے چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو نمایاں مقام دیتا ہے اور اس کے ساتھ باہمی تعاون پر مبنی باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے۔

سی پیک کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے لیوجیان چائو نے کہا کہ چین سی پیک کے تمام جاری اور نئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔