Friday, 29 March 2024, 04:21:51 am
حریت کانفرنس کی مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرعالمی برادری کوگمراہ کرنے کےبھارتی حربوں کی مذمت
May 25, 2023

کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے مذموم ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے ایک طرف کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں جبکہ دوسری طرف وہ مقبوضہ علاقے میں گروپ20اجلاسوں جیسی بین الاقوامی تقریبات کا انعقاد کرکے اپنے جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

بیان میں کہاگیا کہ موجودہ سنگین صورتحال میں دنیا کے ہر انصاف پسند انسان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے۔

مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر فوج کی تعیناتی کے ذریعے صورتحال معمول کے مطابق دکھانے پر دنیا کے معروف دانشوروں اور ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

برطانوی پارلیمنٹ کے رکن عمران حسین نے وزیر اعظم رشی سونک کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ گروپ 20نے سری نگر میں ٹورازم ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد کر کے متنازعہ علاقوں کے بارے میں بین الاقوامی قوانین کو نظر انداز کیا ہے اور جموںوکشمیر پر غیر قانونی اور ظالمانہ بھارتی قبضے کو قانونی حیثیت دی ہے۔

انہوں نے اسے کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی طرف ایک اقدام قرار دیا۔