Monday, 22 July 2024, 06:50:46 pm
آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیاجائے گا، وزیراعظم
May 30, 2023

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اگلے بجٹ میں عوام کو زیادہ سہولت فراہم کرنے اور معاشی ترقی کوترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات آج (منگل)لاہور میں بجٹ تجاویز سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

وزیراعظم نے کہاکہ صنعتی شعبے کی پیداوار اور برآمدات بڑھانے کے اقدامات بجٹ کا حصہ ہوںگے۔

شہبازشریف نے کہاکہ وہ ذاتی طورپر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ صنعتی شعبے کی سفارشات کو بجٹ میں شامل کیاجائے ۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو چھوٹی، بڑی اوربرآمدی صنعتوں کے درمیان حائل تمام غیرضروری رکاوٹیں دورکرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ سابق حکومت نے دانستہ طورپر ملک میں سرمایہ کاری اورصنعتی ترقی کا عمل روکا اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ، پوری قوم ، صنعت کار اور تاجر ایک بہتر پاکستان کیلئے مل کرکام کررہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہاکہ نو مئی کے واقعات نے نہ صرف انتشار پھیلایا بلکہ ان کا پاکستان کو شدید معاشی نقصان بھی ہوا ۔

وزیراعظم نے صنعتوں کو سستی توانائی کی فراہمی کے ذریعے پیداواری لاگت میں کمی کرنے کا بھی عزم ظاہرکیا ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اس بات کوبھی یقینی بنائے گی کہ بینک چھوٹے صنعت کاروں کو آسان شرائط پرقرضے فراہم کریں۔