کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی حکومت بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے جذبات کو دبانے اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ان کی پرامن جدوجہد کو کچلنے کے لیے تمام وحشیانہ حربے استعمال کر رہی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں خبردار کیا کہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا پر مبنی پالیسیاں علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی مقابلوں میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کا مسلسل قتل اور ہزاروں کشمیریوں کو ان کے گھروں سے دور جیلوں میں طویل غیر قانونی نظربند رکھنے سے مودی حکومت کا سفاک چہرہ بے نقاب ہوتا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جرائم کو روکنے اور تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کی جانب بڑھنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
ادھر ضلع گاندربل میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جعلی مقابلے میں ایک بے گناہ کشمیری نوجوان رشید احمد مغل کی ہلاکت پر مقبوضہ جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں شدید احتجاج کیا گیا۔
قانون سازوں نے وحشیانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ میت کو فوری طور پر باوقار تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کا بھی مطالبہ کیا۔ رشید احمد مغل کو گزشتہ بدھ کو بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔
دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جعلی مقابلوں اور ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔