Saturday, 18 April 2026, 04:46:58 am
 

مزید خبریں

 
بھارت مقبوضہ کشمیر میں جرائم چھپانے کی کوشش کر رہا ہے، حریت کانفرنس
April 13, 2026

کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے جرائم چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ 1989 سے علاقے میں تعینات فوج میں بھاری اضافہ کردیا گیا ہے اور تقریباً دس لاکھ بھارتی فورسز کے اہلکار یہاں تعینات ہیں، جس کے نتیجے میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر بھارتی غصے کا سامنا ہے، بھارتی فوجی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں، چھاپے اور گرفتاریاں کر رہے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ متنازعہ علاقے میں بھارتی اقدامات کی مخالفت کرنے پر ہزاروں افراد کو شہید اور قید کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت، رائے شماری کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو اجتماعی سزا دے رہا ہے جس کا اقوام متحدہ نے ان سے وعدہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ صورتحال سے نمٹنے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔