Saturday, 18 April 2026, 04:52:13 am
 

مزید خبریں

 
حریت کانفرنس کی مقبوضہ کشمیر میں وسیع پیمانے پرمحاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی شدید مذمت
April 06, 2026

فائل فوٹو

کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض فوج کی طرف سے جاری اندھادھند گرفتاریوں اور وسیع پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ نظربندیاں ایک وسیع مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد آزادی پسند کشمیریوں کو خوف زدہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ جیسے ظالمانہ قوانین کو سیاسی کارکنوں، صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں، اور عام شہریوں کو اکثر من گھڑت الزامات کے تحت حراست میں لینے کا جواز فراہم کرنے کے لیے معمول کے مطابق استعمال کیا جاتا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ اس طرح کی سیاسی بنیادوں پر کی گئی گرفتاریاں کشمیریوں کو مرغوب کرنے کی کوشش میں مودی حکومت کی مایوسی اور بوکھلاہٹ کا واضح مظہر ہیں۔

حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا کہ ان جابرانہ اقدامات کا مقصد اختلاف رائے کو دبانا اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے لیے اپنی جائز جدوجہد کو آگے بڑھانے سے روکنا ہے۔

حریت تنظیم نے خبردار کیا کہ ایسی کارروائیوں کے باوجود کشمیری عوام اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں اور کوئی بھی دھمکی انہیں آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے سے نہیں روک سکتی۔

حریت کانفرنس نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان غیر قانونی گرفتاریوں کا نوٹس لیں اور بے گناہ کشمیریوں پر بھارت کا منظم ظلم وجبر ختم کرنے کے لیے اور پر دباؤ ڈالیں۔

بیان میں کہا گیا کہ مسلسل کریک ڈاؤن، من مانی گرفتاریوں، اور جابرانہ قوانین کے استعمال پر بھارتی حکام کا احتساب ہونا چاہیے، جو مقبوضہ وادی میں بنیادی انسانی حقوق اور جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔