این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کی ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات ، کالام ، مالاکنڈ ، کوہستان، منگورہ، بٹگرام ، ہری پور، پشاور اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے انتباہ کیا ہے کہ ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔