فائل فوٹو
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے پکڑ دھکڑ کی کارروائیوں ، کشمیری نوجوانوں کی جبری گرفتاریوں اور جماعت اسلامی کے زیر انتظام تعلیمی اداروں پر قبضے کی شدید مذمت کی ہے۔
سری نگر میں جاری ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں منظم طریقے سے نہ صرف سیاسی کارکنوں بلکہ سول سوسائٹی کے ارکان اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو نشانہ بنانے کیلئے اختلاف رائے کو دبا رہا ہے۔
حریت کانفرنس نے آج ممتاز حریت رہنما شہید ایس حمید وانی کے یوم شہادت پر انہیں شاندار خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
انہیں 1998 میں آج کے دن سری نگر میں بھارتی قابض فوجیوں نے شہید کیا تھا۔
ادھر بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کے خلاف 1996 کے ایک اور دہائیوں پرانے جھوٹے مقدمے میں کارروائی شروع کر دی ہے۔
انہیں اس مقدمے کے سلسلے میں نئی دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پیش کیا گیا، عدالت نے ان کا تین دن کا راہداری ریمانڈ منظور کیا ہے۔
انہیں پیر کو جموں کی ایک عدالت میں پیش کیا جائیگا۔