Tuesday, 30 April 2024, 12:40:51 am
وزیراعلیٰ کی لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کیلئے 3 ماہ کی ڈیڈلائن
April 02, 2024

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے لاہور کے تعمیری و ترقیاتی منصوبے کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کیلئے تین ماہ کا وقت دیا ہے۔

انہوں نے آج لاہور میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہر دس روز بعد منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیر اعلی نے لاہور کی تمام بڑی و چھوٹی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا معائنہ کیا اور شہر کی گلیوں کو پختہ کرنے کے منصوبے کی بھی منظوری دی۔ مریم نوازنے لاہور شہر کی بائیس ہزار سٹریٹ لائٹس کی بحالی کی بھی اصولی منظوری دی۔ وزیر اعلی نے لاہور کے نو زونز میں نکاسی کے نظام کی بحالی ، مرمت اور تعمیر نوکا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے نکاسی آب کے ماسٹر پلان اور پانی کے ٹینکس کی تعمیر کے جامع منصوبے کی تیاری کا حکم دیتے ہوئے واسا کو ہدایت کی کہ وہ اس مقصد کیلئے ضروری مشینری اور افرادی قو ت فراہم کرے۔ وزیراعلی نے واسا کی خدمات کو بتدریج پورے لاہور شہر تک توسیع دینے کاحکم دیا تاکہ شہر کے تمام پانی صاف کرنے کے پلانٹس کو فعال بنایا جاسکے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی کہا کہ وہ حکومت کی صفائی مہم میں مکمل تعاون کریں۔